منگلورو6/اکتوبر (ایس او نیوز)کل بدھ کے دن شام کے وقت اسپیڈبوٹ سمندر میں الٹ جانے سے جو ڈھائی سالہ بچہ غرقاب ہوا تھا اس کی لاش آج صبح مل گئی ہے۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق ناٹیکل کے رہنے والے سنائیل اور ان کی بیوی فاطمہ اپنے ڈھائی سالہ بچے محمد شاہدان کے ساتھ خاندان کے کل 6افراد پانمبور ساحل پر سیر کے لئے آئے ہوئے تھے۔ساحل پر وقت گزاری کے بعد ان سب نے اسپیڈ بوٹ پر سمندر میں سیر کرنے کا فیصلہ کیا۔
بدقسمتی سے اسپیڈ بوٹ تھوڑی دورجاتے ہی کسی تیکنیکی خرابی کی وجہ سے سمندر میں الٹ گئی۔اس دوران دوسرے تمام افراد چونکہ لائف جیکیٹ پہنے ہوئے تھے، تو انہوں نے تیر کر اپنے آپ کو بچانے کی کوشش کی۔فوری طور پر مقامی افراد مدد کو دوڑ پڑے اور انہوں نے خاندان کے دیگر افراد کو تو بچالیامگرڈھائی سالہ شاہدان سمندر کی لہروں میں بہہ گیا۔
کوسٹ گارڈ اور ماہر غوطہ خوروں نے بچے کو تلاش کرنا شروع کیا۔ جناب یوٹی قادر نے رات کے وقت بھی تلاشی جاری رکھنے کی ہدایت دی تھی۔ اس کے پیش نظرساری رات تلاشی کے بعد آج صبح بچے کی لاش سمندر سے بر آمد ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔